
لاہور: بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود ایشیا کپ کے کولمبو میں میچز برقرار رکھنے پر پی سی بی کا اے سی سی کو لکھا گیا احتجاجی خط سامنے آگیا۔
پاکستان سمیت تینوں ٹیمیں کل لاہور سے خصوصی پرواز سے کولمبو روانہ ہونگی۔ کولمبو میں بارشوں کی وجہ سے ایشیا کپ کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اے سی سی نے میچز ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کے فیصلے کے بعد اچانک کولمبو ہی میچز کرانے کا اعلان کردیا۔
اے سی سی کے صدر جے شاہ کے نام خط میں پی سی بی نے کولمبو میں میچز کرانے کے فیصلے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ کونسل کا فوری اجلاس بلا کر متفقہ طور پر فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا مگر جے شاہ نے یہ بات بھی نہیں مانی اور میچز کولمبو میں ہی کرانے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے بارشوں سے میچز متاثر ہونے کی وجہ سے گیٹ منی سمیت دیگر مد میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔ ٹیم پاکستان احتجاجاً کپ میں شرکت کرے گی۔
پاکستان سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں کپ کے فائنل سمیت چھ میچز کےلئے جمعرات کی دوپہر کو چارٹرڈ طیارے سے کولمبو روانہ ہونگی۔ خصوصی طیارے میں براڈ کاسٹرز اور آفیشلز بھی شامل ہونگے۔