Sports

ایشیاکپ کو ’’بولرز‘‘ کیلیے چیلنج قرار دیا جانے لگا

کراچی: ایشیاکپ کو بولرز کیلیے چیلنج قرار دیا جانے لگا۔

کل سے شروع ہونے والا ایشیا کپ سنسنی خیز ایونٹ ثابت ہونے کی توقع ہے، اس میں ورلڈ کپ سے قبل ٹیموں کو تیاریوں کی جانچ کا بہترین موقع بھی میسر آئے گا، ساتھ ہی کھلاڑیوں کیلیے فٹنس مسائل سے بچنا بھی کافی اہم ہوگا کیونکہ ورلڈ کپ بھی اکتوبر میں شیڈول ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ خاص طور پر بولرز کیلیے کافی اہم ہوگا، انھیں ان دنوں ٹی 20 کرکٹ کی وجہ سے 4 اوورز کرنے کی عادت پڑچکی، اس لیے ون ڈے ٹورنامنٹ میں 10، 10 اوورز کرنا کافی چیلنجنگ ہوگا، چاہے پاکستان، بھارت، سری لنکا کوئی بھی ٹیم ہو سب کو یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کے بولرز 10 اوورز کرسکتے ہیں یا نہیں۔

بطور ایشیا کپ ٹائٹل فیورٹ وسیم اکرم نے کسی ایک ٹیم کا نام لینے سے گریز کیا، انھوں نے کہا کہ ٹاپ پر رہنے کیلیے جیت کی ضرورت ہوتی ہے، آپ میچ درمیچ آگے بڑھتے ہیں، یہ ٹی 20 نہیں بلکہ 50 اوورز فی سائیڈ مقابلہ ہے، اس میں مختلف مائنڈ سیٹ اور فٹنس لیول درکار ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آخری مرتبہ بھی ہم نے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان اور بھارت کے مدمقابل آنے کا امکان ظاہر کیا تھا مگر ٹورنامنٹ سری لنکا نے جیت لیا تھا، بھارتی ٹیم فائنل میں جگہ تک نہیں بناسکی تھی، پاکستان اور بھارت کے مقابلوں کی کافی اہمیت ہوتی ہے لیکن ہم سری لنکا یا بنگلہ دیش کو بھی نظر انداز نہیں کرسکتے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button